بینگلورو ،30 / مارچ (ایس او نیوز) کانگریس پارٹی کی طرف سے چامراج نگر، چکبالاپور اور بلاری حلقوں کے لئے اپنے امیدواروں کا اعلان کر دیا مگر کولار کا معاملہ پر تذبذب کو برقرار رکھا ۔
کل جن تین امیدواروں کا اعلان کیا گیا ہے اس میں چامراج نگر (ایس سی) سیٹ سے سوشیل ویلفیئر منسٹر ایچ سی مہادیوپّا کے بیٹے سنیل بوس ، بلاری (ایس ٹی) سے رکن اسمبلی ای تکا رام، چکبالاپور سے سابق وزیر ایم آر سیتا رام کے بیٹے رکشا رامیا کے نام شامل ہیں ۔ حالانکہ کانگریس پارٹی کے سینئر لیڈر ویرپّا موئیلی اور سابق وزیر این ایچ شیوا شنکرا ریڈی نے رکشا رامیا کی امیدواری پر سوال اٹھاتے ہوئے پوچھا تھا کہ یوتھ کانگریس چیف کے طور پر کانگریس پارٹی کے لئے رامیا کی کیا خدمات رہی ہیں ۔ مگر رکشا رامیا کو ہائی کمان سے ٹکٹ حاصل کرنے میں کامیابی مل گئی ۔
اب تک کانگریس کی طرف سے 27 حلقوں کے لئے امیدواروں کا اعلان ہو گیا ہے ، اور اب صرف کولار کی ایس سی ریزرو سیٹ باقی ہے جس پر اندرونی اختلافات اور رسہ کشی عروج پر ہے ۔ کہتے ہیں کہ کے پی سی سی نے اس سیٹ پر کے وی گوتم کا نام تجویز کیا تھا مگر آل انڈیا کانگریس کمیٹی نے اسے ہری جھنڈی نہیں دکھائی ہے ۔ پارٹی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ کولار حلقے میں کے پی سی سی نے وزیر برائے فوڈ اینڈ سوِل سپلائی کے ایچ مُنیپّا کے گروپ اور 'باغی' اراکین اسمبلی سے مشورہ کے بعد گوتم کا نام تجویز کیا تھا ۔ دوسری طرف سابق اسمبلی اسپیکر رمیش کمار کا اپنا گروپ ہے جو سابق وزیر مینپّا کے داماد چیکّا پیدنّا کی امیدواری کے خلاف محاذ بنا رہا ہے ۔ اسی مخمصے کی وجہ سے کولار کی سیٹ پر امیدواری کا مسئلہ ابھی ہائی کمان کے پاس اٹکا ہوا ہے ۔